لیبیا سے تمام اجرتی جنگجوؤں کو باہر نکالا جانا چاہیے: امریکہ

   

دبئی۔14 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزارت خارجہ نے باور کرایا ہے کہ اقوام متحدہ کے زیر قیادت سیاسی اور سیکورٹی بات چیت اور برلن مذاکرات وہ فریم ورک ہیں جس پر عالمی برادری لیبیا کا بحران حل کرنے کے واسطے متفق ہے۔العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کو دیے گئے بیان میں امریکی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ لیبیا سے غیر ملکی اجرتی قاتلوں اور جنگجوؤں کو باہر نکالا جانا چاہیے۔ ساتھ ہی تمام بیرونی فریقوں پر زور دیا گیا کہ وہ لیبیا سے اپنا فوجی ساز و سامان ہٹا لیں۔امریکی وزارت خارجہ نے لیبیا میں اقوام متحدہ کے زیر سرپرستی فائر بندی کے اعلان کے واسطے قاہرہ کی کوششوں کی تعریف کی۔ وزارت نے لیبیا میں تمام فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ 5+5 بات چیت میں سنجیدگی کے ساتھ شریک ہوں۔واشنگٹن نے واضح کیا کہ الجفرہ اور سرت میں روس کا عسکری وجود لیبیا کا بحران حل کرنے میں مددگار ثابت نہیں ہو گا۔ مزید یہ کہ توانائی سیکٹر کو سرگرم کرنا لیبیا میں استحکام کے لیے فیصلہ کن امر ہے۔ لیبیا کے تمام لوگوں پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر تیل کی تنصیبات کی بندش کو ختم کر دیں۔یاد رہے کہ 5+5 کی مشترکہ عسکری کمیٹی (کمیٹی میں 5 ارکان لییا کی فوج کے اور 5 ارکان وفاق حکومت کی فورسز کے ہیں) ۔