لیبیا: قذافی کے بیٹے کا صدارتی انتخابات لڑنے پر غور

   

طرابلس : لیبیا کے سابق حکمراں معمر قدافی کے بیٹے نے سیف الاسلام قدافی نے صدارتی انتخابات لڑنے پر غورشروع کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق خانہ جنگی کے شکار افریقی ملک لیبیا کی سیاست میں نیا موڑ آیا ہے۔ اس سلسلے میں سیف الاسلام نے مغربی ممالک سے رابطے شروع کردیے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق سیف الاسلام قدافی نے قومی مفاہمت، متحارب فریقوں کے درمیان اتحاد اور ملک کی تعمیر نو کے لیے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ملک میں استحکام کے لیے حکومت کے قیام پر توجہ مرکوز کریں گے،جس کی نگرانی باقاعدہ صدر کے سپرد ہوگی۔ واضح رہے کہ سیف الاسلام کو ملک کی دوسری سب سے طاقتور ہستی قرار دیا جاتا تھا، جب کہ وہ اپنے والد کے دور صدارت میں کسی سرکاری عہدے پر فائز نہیں رہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ وہ اپنے والد کے اقتدار کو وراثت میں لینا چاہتے ہیں۔ اقتدار کوئی کھیت نہیں کہ جو وراثت میں مل جائے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اب اگر انہوں نے انتخابات میں حصہ لیا تو انہیں والد کی وراثت کا فائدہ حاصل ہو سکتا ہے، کیوں کہ لیبیا میں معمر قذافی کے بعد سے امن و امان پوری طرح بحال نہیں ہواہے۔