لیبیا میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ مستعفی

   

طرابلس ۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے غسان سلامے نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی خرابی صحت کی وجہ سے اس عہدہ سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ 69 سالہ سفارت کار نے کہا کہ کام کا اعصابی تناؤ ان کی صحت پر اثر انداز ہو رہا تھا۔ غسان سلامے کے اس اچانک فیصلے پر سفارتی حلقوں نے حیرت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہیں اقوام متحدہ کی طرف سے جولائی 2017ء میں لیبیا میں قیام امن کی کوششوں کیلئے مقرر کیا گیا تھا۔ پچھلے ڈھائی برس میں وہ لیبیا میں خانہ جنگی کے خاتمے کیلئے فریقین کو بات چیت پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتے رہے۔