برلن۔15جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے وقت میں جب لیبیا میں جنگ بندی کیلئے بات چیت تعطل کا شکار ہے، جرمن چانسلر انجیلا میرکل اتوا رکے روز اس موضوع پر برلن میں ایک کانفرنس کی میزبانی کرنے والی ہیں۔لیبیا میں خانہ جنگی کے خاتمے کیلئے برلن میں ہونے والی اس کانفرنس میں لیبیا کے فریقین کے ساتھ ساتھ عالمی برادرای کے کئی اعلیٰ مندوب شرکت کرنے والے ہیں۔ جرمن حکومت کے ایک ترجمان اسٹیفن زائبرٹ نے اس سے متعلق ایک ٹوئیٹ میں لکھاکہ لیبیا کی خود مختاری اور مفاہمتی عمل کیلئے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیوگوتیرس اور خصوصی ایلچی غسان سلامی نے جو کوششیں کی ہیں انہیں کی حمایت کی غرض سے، چانسلر میرکل نے اتوار کے روز برلن میں لیبیا پر کانفرنس کیلئے سب کو مدعو کیا ہے۔ حکومت کے ترجمان نے برلن کی اس کانفرنس میں لیبیا کے جنگجو سردار خلیفہ حفتر اور اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کے سربراہ فائز السراج کی شرکت کا امکان ظاہر کیا ہے۔