لیبیا میں بحریہ نے 98 غیر قانونی تارکین کو بچا لیا

   

افریقی ممالک کے ہزاروں شہری شامل ، کشتی کی خرابی پر مصیبت
طرابلس، 18 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کی بحریہ نے ملک کے مغربی کنارے سے مختلف افریقی ممالک کے 98 غیر قانونی تارکین وطن کو بچا لیا ہے ۔بحریہ کے انفارمیشن آفس نے بتایا کہ کوسٹ گارڈ کے جوانوں نے جمعرات کے روز سبھی غیرقانونی تارکین وطن کو بچا لیا ہے ۔ بچائے گئے غیر قانونی تارکین وطن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ بحریہ کے انفارمیشن آفس کے مطابق تارکین وطن کی ربڑ کی کشتی کا انجن سمندر میں خراب ہو گیا تھا۔بحریہ نے بتایا کہ بچائے گئے سبھی تارکین وطن کو انسانی اور طبی امداد مہیا کرانے کے لئے دارالحکومت طرابلس میں واقع ایک ریسپشن سینٹر میں منتقل کر دیا گیا۔ بحریہ نے بتایا کہ اس نے اس برس اب تک 7000 غیر قانونی تارکین وطن کو بچا لیا ہے ۔ افریقی ممالک کے ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن لیبیا سے بحیرہ روم کے راستے یورپ کی جانب جاتے ہیں۔اقوام متحدہ میں پناہ گزینوں کے لئے ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ لیبیا اپنے بگڑتے سیکورٹی حالات کی وجہ سے محفوظ مقام نہیں ہے ۔واضح رہے کہ سال 2011 کے بعد سے محروم لیڈر معمر قذافی کو عہدے سے ہٹانے کے بعد لیبیا میں افراتفری اور عدم تحفظ کی صورت حال ہے ۔