لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 61 سے زائد ہلاک

   

ٹریپولی : عالمی ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) نے کہا ہے کہ لیبیا کے ساحل پر کشتی ڈوبنے کے تازہ ترین واقعے میں تقریباً 61 تارکین وطن لاپتہ ہو گئے ہیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کی موت واقع ہو گئی ہے۔اتوار کو آئی او ایم کی جانب سے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بھیجے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’خیال کیا جا رہا ہے کہ تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد کی موت بلند لہروں کی وجہ سے ہوئی ہے۔‘بیان میں کہا گیا ہے کہ کشتی لیبیا کے شمال مغربی ساحلی علاقے زوارہ سے روانہ ہوئی تھی اور اس میں تقریباً 86 تارکین وطن سوار تھے۔لیبیا اور تیونس ان تارکین وطن کے لیے روانگی کے اہم مقامات ہیں جو اٹلی کے راستے یورپ پہنچنے کی امید میں خطرناک سمندری سفر کا خطرہ مول لیتے ہیں۔آئی او ایم کے دفتر نے کہا ہے کہ اس حادثے میں زیادہ تر متاثرین کا تعلق نائیجیریا، گمبیا اور دیگر افریقی ممالک سے ہے۔ اس میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔