طرابلس: لیبیا کے جنوب مشرقی صحرا میں دو اجتماعی قبروں سے تقریباً 50 نعشیں برآمد کی گئی ہیں۔حکام کے مطابق یہ نعشیں یورپ پہنچنے کے خواہشمند غیر قانونی تارکین وطن افراد کی ہیں۔پہلی اجتماعی قبر ملک کے جنوب مشرقی شہر کفرہ کے ایک فارم سے جمعے کے روز دریافت ہوئی جس میں سے 19 نعشیں نکالی گئیں۔ مقامی سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے مطابق ان لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔، حکام کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تصاویر میں پولیس اہلکاروں اور طبی عملے کو ریت میں دبی نعشیں نکالتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
تارکین وطن افراد کی مدد کرنے والے ایک مقامی فلاحی ادارے کے مطابق جن افراد کی نعشیں ملی ہیں ان میں سے بعض افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا اور پھر اجتماعی قبر میں دفن کر دیا گیا۔خبر ایجنسی کے مطابق دوسری اجتماعی قبر بھی کفرہ میں ایک انسانی اسمگلنگ کے اڈے پر چھاپے کے دوران دریافت ہوئی جس میں کم از کم 30 نعشیں موجود تھیں۔ ایک مقامی سکیورٹی اہلکار کے مطابق زندہ بچ جانے والے افراد نے بتایا کہ مجموعی طور پر 70 افراد کو اس قبر میں دفن کیا گیا تھا اور حکام مزید نعشوں کو تلاش کررہے ہیں۔لیبیا میں گزشتہ سال بھی حکام نے شعیرف کے علاقے سے کم از کم 65 مہاجرین کی نعشیں دریافت کی تھیں۔