نیویارک : اقوام متحدہ کی ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ وہ لیبیا میں رواں برس جون تک انتخابات منعقد کرانے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 2011 میں طویل عرصے تک لیبیا پر حکمرانی کرنے والے صدر معمر قذافی کے مارے جانے کے بعد ملک میں انتخابات منعقد نہیں کیے جا سکے۔اقوام متحدہ کی خصوصی مشیر برائے لیبیا سٹیفنی ولیمز نے کہا کہ تاحال یہ ’بہت قابل عمل اور ممکن ہے‘ کہ اقوام متحدہ کے لیبیا کے لیے بنائے 2020 کے روڈ میپ کے تحت ملک کے 28 لاکھ ووٹرز جون تک اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔تیل سے مالامال لیبیا میں بین الاقوامی کوششوں سے گزشتہ برس 24 دسمبر کی تاریخ صدارتی الیکشن کے لیے تجویز کی گئی تھی تاہم اس پر عمل نہ کیا جا سکا۔اقوام متحدہ کی خصوصی مشیر جنہوں نے عالمی ادارے کی جانب سے 2020 میں لیبیا میں بدامنی کے خاتمہ کی کوششوں کی سربراہی کی تھی، نے کہا کہ ملکی اداروں کو استحکام دینے کے لیے الیکشن ضروری ہیں۔ان کا کہنا تھا لیبیا کے ’تمام ادارے قانونی حیثیت کے بحران سے دوچار ہیں۔‘سٹیفنی ولیمز نے کہا کہ وہ پْرامن سیاسی عمل کے علاوہ لیبیا کے لیے کوئی اور راستہ نہیں دیکھ پا رہیں۔