طرابلس : لیبیا کی پارلیمان نے عبوری حکومت کی کابینہ کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں 24 دسمبر کو طے شدہ عام انتخابات کے انعقاد پر ایک مرتبہ پھر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ لیبیا میں عبوری حکومت کا قیام اقوام متحدہ کی ثالثی کے ذریعے عمل میں آیا تھا اور اس کا مقصد ملک میں جاری اقتدار کی کشمکش کو کم کرنا تھا۔ قبل ازیں لیبیا کی دو حکومتیں تھیں، بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت دارالحکومت طرابلس میں جبکہ دوسری مخالف حکومت ملک کے مشرقی حصے میں قائم تھی۔ سن 2011 میں لیبیا پر طویل عرصے تک حکومت کرنے والے فوجی آمر معمر القذافی کے اقتدار کے خاتمہ کے بعد سے یہ شمالی افریقی ملک انتہائی غیر مستحکم صورتحال کا شکار رہا ہے۔