بن غازی ۔ 11 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بموں سے لدی ہوئی ایک موٹر کار ایک شاپنگ مال کے باہر لیبیا کے مشرقی شہر بن غازی میں دھماکہ سے پھٹ پڑی۔ ترجمان کے بموجب اقوام متحدہ کے تین ارکان عملہ موقع واردات پر ہی ہلاک ہوگئے۔ حملہ ایک ایسے وقت ہوا جبکہ خانہ جنگی میں مصروف فریقین نے جنگ بندی کی تجویز قبول کرلی ہے۔ یہ تجویز اقوام متحدہ کی جانب سے پیش کی گئی تھی اور آئندہ ذی الحجہ کی تعطیلات کے دوران مسلم ملک میں خانہ جنگی ترک کردینا اس کا مقصد تھا۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کے بموجب یہ دھماکہ ارکان مال کے روبرو جو ہواری (مضافاتی علاقہ) میں واقع ہے، ہوا جہاں لوگ کثیر تعداد میں عیدالاضحی کی خریداری میں مصروف تھے۔ بن غازی کی مجلس بلدیہ نے کہا کہ اس حملہ کا ہدف اقوام متحدہ کا تائید یافتہ مشن برائے لیبیا کا قافلہ تھا۔ حملہ مشن کے دفاتر برائے لیبیا کے قریب کیا گیا جسے مہلوکین کے علاوہ 9 افراد زخمی بھی ہوگئے۔
