طرابلس۔ 2 جون (یو این آئی) لیبیا کے دارالحکومت طرابلس سے تقریباً 230 کلومیٹر جنوب میں واقع گاؤں نسماہ کے قریب صحرا میں مختلف افریقی ممالک کے پچاس غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ لیبیا کی وزارت داخلہ نے فیس بک پر شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ نسماہ کے قریب ناہموار وادی کے علاقوں میں بارڈر گارڈ کی گشتی ٹیم کو تعینات کیا گیا تھا، جس کا مقصد علاقے میں سیکوریٹی پلان کو نافذ کرنا اور ناہموار صحرائی راستوں سے غیر قانونی تارکین وطن کے بہاؤ کو کنٹرول کرنا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار کیے گئے 50 تارکین وطن کو ضروری قانونی طریقہ کار مکمل کرنے کیلئے ایک ریسپشن سنٹرکے حوالے کرنے سے قبل انسانی بنیادوں پر اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ 2011 میں طویل عرصے تک حکمران معمر قذافی کی اقتدار سے بے دخلی کے بعد عدم تحفظ اور افراتفری کی وجہ سے لیبیا بحیرہ روم عبور کر کے یورپی ساحلوں کی طرف آنے والے تارکین وطن کے لیے ایک پرکشش مقام بن گیا ہے ۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اب تک 9,285 تارکین وطن کو روک کر لیبیا واپس بھیج دیا گیا ہے ، جب کہ 160تارکین وطن ہلاک اور 234دیگر وسطی بحیرہ روم کے راستے سے لاپتہ ہو چکے ہیں۔
لیبیا نے یورپی یونین اور لیبیا سے ہونے والے نقل مکانی بہاؤ سے متاثرہ ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی نقل مکانی کو روکنے میں مزید مدد فراہم کریں۔