جوہانسبرگ : جنوبی افریقہ کی پولیس نے جمعہ کو ایک مشتبہ خفیہ فوجی تربیتی کیمپ پر چھاپہ مار کر 95 لیبیائی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے اور حکام نے کہا کہ وہ اس کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا ملک کے دیگر حصوں میں مزید غیر قانونی اڈے موجود ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ یہ کیمپ جوہانسبرگ کے شمال مشرق میں تقریباً 360 کلومیٹر کے فاصلے پر صوبہ Mpumalanga میں دریائے وائٹ کے ایک فارم میں واقع تھا۔ قومی پولیس کی ترجمان ایتھلینڈا میتھے نے سوشل میڈیا سائٹ X پر ایک پوسٹ میں کہا کہ لیبیا کے باشندوں نے بتایا کہ وہ سیکیورٹی گارڈز کی تربیت کے لیے اسٹڈی ویزے پر ملک میں داخل ہوئے تھے، لیکن پولیس کی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ انھوں نے فوجی تربیت حاصل کی ہے۔ ٹی وی نیوز چینل’ نیوز روم افریقہ نے گرفتاریوں کے مقام کی تصاویر نشر کی ہیں، جن میں ایک فوجی طرز کا کیمپ دکھایا گیا ہے جس میں بڑے سبز اور خاکی خیمے لگاتار لگائے گئے ہیں۔ درجنوں افراد کو گرفتاری کے وقت شہری لباس پہنے ہوئے قطار میں کھڑے دکھایا گیاہے۔ مقامی سرکاری اہلکار جیکی میکی نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور فارم کے مالک سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکام کو اطلاع ملی تھی کہ صوبہ Mpumalanga کے دو دیگر قصبوں کے قریب بھی اسی طرح کے خفیہ کیمپ ہیں۔ یہ صوبہ ہمسایہ ممالک موزمبیق اور سوازی لینڈ سے متصل ہے اور غیر قانونی امیگریشن کے حوالے سے جنوبی افریقہ کے حکام کے لیے تشویش کا باعث ہے۔