چیسٹرلی اسٹریٹ ۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین ٹام لیتھم نے کہا ہیکہ وہ رواں ورلڈ کپ میں اپنے والد سے ایک قدم آگے بڑھنے کے خواہاں ہے۔ جیسا کہ 1992ء کے ورلڈ کپ میں لیتھم کے والد ٹیم کا حصہ تھے لیکن اس وقت بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ نہیں جیت پائی تھی۔ انگلینڈ کے خلاف گذشتہ مقابلہ میں 119 رنز کی شکست کے باوجود نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہیں اور ٹام لیتھم نے کہا ہیکہ ٹیم اس وقت بہتر کھیل رہی ہے اور پہلی مرتبہ ورلڈ کپ حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ 1992ء میں ان کے والد راڈلیتھم بھی ٹیم کا حصہ تھے جنہوں نے نیوزی لینڈ کی چار ٹسٹ مقابلوں کے علاوہ 33 ونڈے مقابلوں میں بھی نمائندگی کی تھی اور وہ 1992ء کے ورلڈ کپ میں ٹیم کا حصہ تھے۔ تاہم اس وقت نیوزی لینڈ کو اہم موقع پر پاکستان کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ لیتھم نے کہا کہ ورلڈ کپ کے متعلق میں گذشتہ کئی برسوں سے والد سے تبادلہ خیال کررہا ہوں اور امید ہیکہ اس مرتبہ ٹیم ماضی سے زیادہ بہتر مظاہرہ کرے گی۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے رواں ورلڈ کپ میں شاندارآغاز کیا تھا اور ٹورنمنٹ کے زیادہ تر دنوں میں وہ پہلے مقام پر فائز تھی لیکن پاکستان کے خلاف کھیلے گے مقابلے میں اسے ٹورنمنٹ کی پہلی ناکامی برداشت کرنی پڑی تھی جس کے بعد آسٹریلیا اورپھر گزشتہ مقابلے میں میزبان انگلینڈ کے خلاف بھی اسے ناکامی برداشت کرنی پڑی تھی۔