۔5 ممالک کی ٹیموں پر مشتمل ٹی20 ٹورنمنٹ ہندوستان میں ہوگا
ممبئی ۔16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) سابق عظیم کرکٹر سچن تندولکر، ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان براین لارا، ویریندر سہواگ ،جنوبی افریقہ فیلڈر جونٹی روڈز اور مرلی دھرن جیسے بڑے کرکٹر روڈ سیفٹی کو فروغ دینے کے لئے منعقد ہونے والی روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز ٹی 20 کرکٹ ٹورنمنٹ میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ یہ ٹورنمنٹ پانچ ٹیموں کے درمیان اگلے سال 2 تا 16 فروری کے درمیان ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنمنٹ میں انڈیا لیجنڈس، آسٹریلیا لیجنڈس، جنوبی افریقہ لیجنڈس، سری لنکا لیجنڈس اور ویسٹ انڈیز لیجنڈس نامی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ کرکٹ سے سبکدوش ہو چکے 110 کھلاڑیوں نے اس ٹورنمنٹ میں حصہ لینے کی تصدیق کر دی ہے۔ جنوبی افریقہ کے سابق آل راؤنڈر جیک کیلس، آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی اور ویسٹ انڈیز کے شیو نارائن چندرپال جیسے عظیم کھلاڑی بھی سڑک پر حفاظت کو فروغ دینے کے لئے اس ٹورنمنٹ میں حصہ لیں گے۔اس ٹورنمنٹ کا انعقاد پروفیشنل مینجمنٹ گروپ اور مہاراشٹر حکومت کے روڈ سیفٹی محکمہ کی طرف سے کیا جا رہا ہے۔ ایسے ٹورنمنٹوں کا انعقاد ہندوستان میں اگلے 10 سال تک کیا جائے گا۔ ٹورنمنٹ کے منتظمین نے اگست 2018 میں ہی ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) سے اس کی اجازت لے لی تھی۔’روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز‘ کا اولین ٹورنامنٹ آئندہ برس ہندستان میں منعقد ہو گا۔ اس سالانہ ٹورنامنٹ میں پانچ ممالک آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور ہندوستان کے سابق و موجودہ کھلاڑی شرکت کریں گے۔ 2013 میں سبکدوشی کے بعد تندولکر تیسری مرتبہ شائقین کے سامنے کھیلتے نظر آئیں گے۔ تندولکر نے 2014 میں لارڈس میں ایم سی سی کے لئے ریسٹ آف دی ورلڈ کے خلاف ایک میچ کھیلا تھا۔
قومی ٹینس ٹیم کا پاکستان میں کھیلنے سے انکار
نئی دہلی۔16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ڈیوس کپ ٹیم نے ٹینس حکام کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں کھیلنا نہیں چاہتے۔ اب ہندوستانی ٹینس فیڈریشن آئی ٹی ایف سے مقابلوں کا مقام تبدیل کرنے کی باقاعدہ درخواست کرے گا۔دونوں ممالک کو اسلام آباد میں نومبر کے اواخر میں مدمقابل آنا ہے۔