لیفٹننٹ گورنر پڈوچیری کرن بیدی کا اپنے ٹوئٹر پر اظہار معذرت

   

معذرت خواہی کے باوجود مسئلہ ہنوز برقرار، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کا لوک سبھا میں بیان
نئی دہلی 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج اپوزیشن سے اپیل کی، خاص طور پر ڈی ایم کے ارکان سے اپیل کی کہ پڈوچیری کے لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی کے ٹوئٹر پیغام پر تنازعہ کو ختم کردیا جائے۔ انھوں نے کہاکہ کرن بیدی نے ٹوئٹر پر سے اپنی تحریر حذف کردی ہے اور تہہ دل سے اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیر دفاع کا تبصرہ ڈی ایم کے قائد ٹی آر بالو کی جانب سے یہ مسئلہ مسلسل دوسرے دن لوک سبھا اجلاس میں اُٹھانے پر منظر عام پر آیا۔ یہ معاملہ اُس وقت شروع ہوا جبکہ ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والے ارکان برہم ہوگئے اور اِسے ٹامل سماج اور ریاستی سیاستدانوں کے لئے اہانت انگیز قرار دیا۔ وزیر دفاع نے کہاکہ کرن بیدی پہلے ہی اپنے ٹوئٹر پیغام کو حذف کرچکی ہیں اور کرن بیدی کو اِس گہری ندامت ہے۔ وزیر دفاع نے کہاکہ جب یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں بالو کی جانب سے اُٹھایا گیا تھا تو وزارت داخلہ اِس کا نوٹ لے چکی ہے اور اِس سلسلہ میں ضروری کارروائی کی جاچکی ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ کرن بیدی نے گہرا افسوس ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ اُنھوں نے یہ تحریر ایک عام شہری اپنے ٹوئٹر پر کی تھی۔ یہ اُن کا شخصی تبصرہ تھا۔ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ جب اُنھوں نے گہرا افسوس ظاہر کردیا ہے تو اِس تنازعہ کو ختم کردینا چاہئے۔ ارکان کی جانب سے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ ٹھیک نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کرن بیدی نے چینائی میں پانی کی قلت کی وجہ سے عوام کے مصائب کا تذکرہ کیا تھا۔ تاہم انھیں اعتراف ہے کہ اُس سے گریز کیا جاسکتا تھا۔ وہ برسر عام اِس قسم کا تبصرہ کرنے میں حق بجانب نہیں تھیں اور انھیں بھی اِس کا احساس ہوا تھا۔کرن بیدی نے اپنے تبصرے کے بارے میں کہاکہ اُنھوں نے اپنا بیان ٹوئٹر پر سے حذف کردیا ہے۔ وہ ٹاملناڈو کے عوام کی گرمجوشی کی انتہائی قدر کرتی ہیں اور ان کے دل میں ٹامل عوام کی اتنی ہی قدر و منزلت ہے جتنی کہ پڈوچیری کے عوام کی۔ وزیر دفاع نے کہاکہ لیفٹننٹ گورنر کے اِس بیان کی روشنی میں وہ ایوان کے ارکان سے اپیل کرتے ہیں کہ یہ تنازعہ ختم کردیا جائے۔