لینڈ مافیا سے وقف اراضی کو بچانے کیلئے منظم کوشش ضروری

   

مسلمانوں کے آپسی اتحاد پر زور ، ورنگل میں ہمدردان ملت کی راؤنڈ ٹیبل کانفرنس ، مقررین کا خطاب

ورنگل : وقف پراپرٹیز پروٹیکشن اینڈ ڈیولپمنٹ کمیٹی ورنگل کے زیر اہتمام نوبل فنکشن ہال چاربائولی ورنگل میں انٹلکچول ،سوشل ورکرس اور ہمدردان ملت کی ’’موجودہ حالات اور ہماری ذمہ داریاں‘ ‘ کے عنوان پر ایک رائونڈ ٹیبل کانفرنس کاانعقاد عمل میں لایا گیا جس کی صدارت ایم اے خالق تنویر نے کی ۔ڈاکٹر شیخ محمد عثمان سکریٹری جماعت اسلامی ہند ، ڈاکٹر انیس احمد صدیقی صدر انٹلکچول فورم ورنگل ،سید دستگیر جماعت اسلامی ،محمد عبدالمجید سکریٹری بلو برڈس نے بہ حیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کرتے ہوئے اپنے اپنے صلاح و مشورے پیش کئے ۔اس موقع پر مہمانوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمام مسلمان متحد ہوکر مسائل کی یکسوئی کے لئے اقدامات کریں ۔تلنگانہ علاقہ میں کئی اہل خیر حضرات نے منشاء وقف کے تحت لاکھوں ایکڑ اراضی کو ملت کی فلاح وبہبود کے لئے وقف کیا مگر افسوس کے آج لینڈ مافیا کے لوگ قابض ہوگئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ایک بہترین لائحہ عمل کے ساتھ قابض شدہ اراضیات کی حصولی اور بچی کچی وقف اراضیات کے تحفظ کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔اس سلسلے میں ایک منظم کمیٹی کی تشکیل کی ضرورت ہے ۔دیگر مقررین نے بھی مخاطب کیا۔پروگرام کنوینر مشید طہسیر نے شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر مفتی محمد زکریا ،مفتی منہاج قیومی ،محمد عبداللہ ہندی پنڈت ،محمد خالد سعید امیر مقامی جماعت اسلامی ہند جنگائوں ،بابا قادر علی سابق صدر نشین وقف بورڈ، ایم اے سبحان سماجی کارکن ،محمد نصیر الدین ایم ٹکنو، محمد حسین پاشاہ سماجی کارکن ،محمد عرفان امیر مقامی قاضی پیٹھ جماعت اسلامی ،سید عارف حسینی امام مسجد روشن شہید ،محمد شکیل مامنور ، محمد ندیم بیگ ایم پی جے ،یم اے متین سماجی کارکن ،نوید صوبیداری سماجی کارکن ،عبدالقہار سماجی کارکن ،سید عبدالحفیظ اور دیگر موجود تھے ۔