لندن۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام )انگلش پریمیئر لیگ میں خطاب تک رسائی کیلئے لیور پول اور مانچسٹر سٹی میں زبردست کشمکش جاری ہے اور دفاعی چمپیئن مانچسٹر سٹی نے چیلسی کو 0-6 سے شکست دیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر پہلے مقام پر قبضہ کر لیا ہے۔ مانچسٹر سٹی اس وقت گول اوسط کی بنیاد پر لیور پول سے آگے ہے اور ان 6گولزنے اس کا مقام مزید مستحکم کر دیا ہے۔ سرگیو اگیورو کی ہیٹ ٹرک نے مانچسٹر سٹی کی فتح میں اہم کردار ادا کیا جبکہ رحیم اسٹرلنگ نے 2گول کئے اور ایک گول الکے نے اسکور کرکے چیلسی کو بدترین خفت سے دوچار کرنے کے ساتھ اس کے کوچ کا مستقبل بھی خطرے میں ڈال دیا۔ دوسری جانب ٹوٹنہم ہوٹسپر نے بھی کامیابی سمیٹ کر اپنا تیسرا مقام برقرار رکھی اور خطاب کی دوڑ سے دستبردار نہیں ہوئی۔لیسسٹر کے خلاف میچ کے دوران مقابلہ 3-1رہا۔ ٹوٹنہم کیلئے ڈیونسن سانچیز نے گول کیا جبکہ کرسٹیان ایرکسن اور سون ہیونگ نے بھی ایک، ایک گول کیا۔لیسسٹر کے جیمی وارڈی نے ایک پنالٹی کک ضائع کردی اور بعد ازاں ایک فیلڈ گول کرنے میں کامیاب رہے۔