لیورپول کی چمپئنس لیگ کی مہم کا مایوس کن آغاز

   

ناپلیس ۔ 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مقابلہ کے آخری لمحات میں نپولی کے کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے لیورپول کی چمپئنس لیگ کی مہم کو مایوس کن نتیجہ میں تبدیل کردیا جیسا کہ چمپئن لیگ کے افتتاحی مقابلہ میں دفاعی چمپئن لیورپول کو 2-0 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ فاتح ٹیم کیلئے ڈیریس مرٹن اور فرنانڈو لورنٹے نے مقابلہ کے آخری لمحات میں گول کئے۔ ڈیریس نے مقابلہ کے 82 ویں منٹ میں پنالٹی کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے دفاعی چمپئن لیور پول کے خلاف سبقت دلوائی۔ اس کامیابی کے ذریعہ نپولی نے گذشتہ سیزن ناک آوٹ مرحلہ میں اسے ہوئی 1-0 کی شکست کا حساب بھی برابر کرلیا۔ لیورپول حالانکہ اس مقابلہ میں ناکام رہی لیکن اسے گروپ میں ہنوز پسندیدہ موقف حاصل ہے۔

رامناتھن۔گینزل دوسرے راؤنڈ میں
نئی دہلی۔18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے رام کمار رامناتھن اور چیک جمہوریہ کے ماریک گینزل کی جوڑی نے گلاسگو میں 46,600 یورو کی انعامی رقم کے ٹورنمنٹ مرے ٹرافی چیلنجرس ٹینس ٹورنمنٹ میں مردوں کے ڈبلز کے پہلے دورکا مقابلہ جیت لیا ہے ۔ہندوستانی ۔ چیک جوڑی نے پہلے راؤنڈ کے مقابلے میں برطانیہ کے اسکاٹ کلیٹن اور لائیڈ گلاسپول کی جوڑی کو راست سٹوں میں 7-5، 7-6 (7) سے شکست دی۔ یہ مقابلہ ایک گھنٹے 31 منٹ تک چلا۔دونوں جوڑیوں نے پہلی سروس پر 68 فیصد نشانات حاصل کئے ۔ گینزل ۔ رامناتھن نے میچ میں چار ایس لگائے اور تین دوہری غلطیاں کی ۔