لیونل میسی اور ریونت ریڈی کا 13 دسمبر کو دوستانہ فٹبال میچ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : عالمی شہرت یافتہ فٹبال لیجنڈ لیونل میسی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کے درمیان دوستانہ فٹبال میچ کیلئے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں جو 13 دسمبر کو اُپل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک نے اپل اسٹیڈیم میں آج انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ انہوں نے میچ کے روٹس ، چیف منسٹر ، وزراء کے علاوہ دیگر وی آئی پیز کی آمد و رفت کے راستوں کا خصوصی طور پر جائزہ لیا ۔ اس کے علاوہ شائقین کی متوقع تعداد ، پارکنگ کے انتظامات اور میٹرو ، آر ٹی سی کی جانب سے فراہم کی جانے والی خصوصی ٹرانسپورٹ سہولیات پر بھی متعلقہ عہدیداروں سے تفصیلی گفتگو کی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ یہ میچ دنیا بھر کے فٹبال شائقین کیلئے خاص کشش رکھتا ہے اور اسی وجہ سے خصوصی حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ یہ دوستانہ میچ میسی اور ریونت ریڈی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اس میچ کو براہ راست دیکھنے کیلئے نہ صرف ملک بلکہ بیرون ممالک سے بھی شائقین کی بڑی تعداد حیدرآباد پہونچنے والی ہے ۔ اسی دوران ریاست بھر میں تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ ، کی تقریبات کا بھی آغاز ہوچکا ہے ۔ پولیس کی جانب سے میچ کی سیکوریٹی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو ، ایڈیشنل ڈی جی وجئے کمار ، راچہ کنڈہ کے پولیس کمشنر سدھیر بابو کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ 2