3 ماہ کی پابندی اور 35 لاکھ روپئے کا جرمانہ
آسن شین (پیراگوئے)۔3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق لیونل میسی پر پابندی کوپا امریکہ کپ کو کرپٹ کہنے پر لگائی گئی جب کہ ان پر جنوبی امریکہ فٹ بال کنفیڈریشن کی جانب سے 50 ہزار ڈالر کا جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ بارسلونا کے فارورڈ لیونل میسی کو ارجنٹینا اور چلی کے درمیان ہونے والے مقابلے میں باہر کردیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے الزام عائد کیا کہ کپ برازیل کے لیے فکس کیا گیا۔ لیوی میسی پابندی کے خلاف ایک ہفتے میں اپیل کرسکتے ہیں البتہ پابندی کے باعث وہ ارجنٹینا کے چلی، میکسیکو اور جرمنی سے ستمبر اور اکتوبر کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ ارجنٹینا کو سیمی فائنل میں برازیل سے شکست ہوئی تھی جس کے بعد ارجنٹینا کی فٹ بال ایسوسی ایشن نے میچ کی ریفرنگ کے حوالے سے سنجیدہ شکایات کی تھیں تاہم کونمیبل نے کوپا امریکہ پر ارجنٹینا کے الزامات بے بنیاد قرار دیے تھے۔ ارجنٹینا اور چلی کے درمیان میچ کے دوران گیرے میڈل کے ساتھ تلخی پر میسی کو کھیل کے 37 ویں منٹ پر ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر کردیا گیا تھا۔ لیونل میسی نے میچ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس کرپشن کا حصہ نہیں رہنا۔