پیرس: ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی چوروں سے بال بال بچ گئے۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فٹبالر گزشتہ ایک ماہ سے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایک ہوٹل میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ مقیم ہیں جہاں چور چار کمروں میں موجود قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوئے۔ چور پیرس کے فائیو اسٹار ہوٹل کی چھت سے لٹک کر نیچے آئے اور میسی کے ہوٹل کے کمرے سے ایک منزل اوپر بالکونی میں کودے جہاں سے غیرمقفل دروازے کے ذریعے وہ کمرے میں داخل ہوگئے۔ ماسک لگائے ان چوروں نے اسی طرح چار کمروں میں موجود نقد رقم اور ہزاروں پاؤنڈ مالیت کے زیورات لوٹ لیے۔ چوروں نے چار کمروں کو لوٹا جنہیں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے دیکھا گیا۔ تاہم میسی اس واردات میں خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ میسی نے چند ہفتوں قبل اسی ہوٹل کے کمرے کی بالکونی سے اپنے مداحوں کو ہاتھ ہلاکر ان کی محبت کا جواب دیا تھا۔ اس ہوٹل میں میسی جس پرتعیش کمرے میں رہائش پذیر ہیں۔ اس کا یومیہ کرایہ 17 ہزار پاؤنڈ ہے۔