لیک ویو ڈبل بیڈ روم مکانات کی تصویر کے ٹی آر نے ٹوئیٹر پر شیئر کی

   

حسین ساگر کے دامن میں 330 ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات پر فخر کا اظہار کیا
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے حسین ساگر جھیل کے دامن میں تعمیر کردہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی خوبصورت تصویر ٹوئیٹر پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد ان ڈبل بیڈ روم مکانات کا افتتاح کیا جائے گا اور غریبوں میں ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کئے جائیں گے ۔ کے ٹی آر نے حسین ساگر کے قریب تعمیر کردہ 330 ڈبل بیڈ روم مکانات عنقریب غریبوں میں تقسیم کرنے کے لیے تیار رہنے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا ۔ سلم علاقہ کو ترقی دے کر ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے پر وزیر بلدی نظم و نسق نے مسرت کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر غریب عوام کے لیے 111 مقامات پر ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مرحلہ وار اساس پر ڈبل بیڈ روم مکانات غریب عوام میں تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات غریبوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ابھی تک 12 مقامات پر 2478 ڈبل بیڈ روم مکانات کا افتتاح کرتے ہوئے مستحقین میں تقسیم کئے گئے ہیں ۔ مزید 6 مقامات پر 1273 ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات مکمل ہوچکی ہے ۔ افتتاح کے لیے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ گریجویٹ کوٹہ ایم ایل سی انتخابات سے قبل اسمبلی حلقہ کنٹونمنٹ کے حدود میں تقریبا 20 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ 264 ڈبل بیڈ روم مکانات کا افتتاح کیا گیا ۔ اس سلسلہ میں امبیڈکر نگر کالونی میں تعمیر کردہ 330 ڈبل بیڈ روم مکانات 26 جون کو عوام میں تقسیم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ پی سری رام نگر میں 162 سی سی نگر میں 264 جی وائی ریڈی میں 180 ، ایس سی بوس نگر میں 60 چکڑ پلی دھوبی گھاٹ میں 207 ڈبل بیڈ روم مکانات کو افتتاح کے لیے تیار رکھا گیا ہے ۔۔