لیہہ میںکورونا وائرس سے متاثرہ 2مریض روبہ صحت:حکام

   

Ferty9 Clinic

لیہہ۔10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لداخ یونین ٹریٹری انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ لیہہ سے تعلق رکھنے والے کورونا وائرس متاثرہ دونوں مریض روبہ صحت ہورہے ہیں تاہم چند روز قبل ایران سے لوٹنے والے 70 سالہ شخص کی موت کے بارے میں ابھی یہ تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ آیا وہ اسی وائرس کا شکار ہوا یا پیشاب کی نالی میں انفیکشن اس کے موت کی وجہ بن گئی۔ادھر لیہہ ضلع انتظامیہ نے مرکزی وزارت صحت وخاندانی بہبود کے سٹینڈارڈ آپریٹنگ پروسیجر کے مطابق چھوچھٹ گاؤں کو سیل کردیا ہے تاکہ اس وائرس کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے ۔لداخ یونین ٹریٹری انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘لیہہ کے چھو چھٹ گاؤں کے محمد علی نامی شخص، جو حال ہی میں ایران سے لوٹا تھا، پہلے ہی سے ہماری نگرانی میں تھا، 6 مارچ کو انہیں ضلع ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں 7 مارچ کی صبح ان کی موت واقع ہوئی’۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی طبی تحقیقات کے مطابق مرحوم کو پیشاب کی نالی کے انفیکشن کا عارضہ تھا لیکن ہم نے احتیاط کے طور پر اس کے نمونے دلی بھیجے ہیں اور رپورٹ آنے کے بعد ہی اس سلسلے میں کچھ بولا جاسکتا ہے ۔کورونا وائرس سے متاثرہ دو مریضوں کے بارے میں موصوف افسر نے کہا: ‘اس وائرس کے جو محمد حیسن اور محمد علی کے دو کیسز ہیں وہ زیر علاج ہیں اور ان کی حالت مستحکم ہے ، امید ہے کہ کچھ دنوں میں ہی ٹھیک ہوجائیں گے ‘۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ پروٹوکال کے مطابق چھوچھٹ گاؤں کو سیل کیا گیا ہے اور وہاں جو لوگ اندر موجود ہیں ان کو تمام ضروری اسباب فراہم کئے جارہے ہیں۔موصوف افسر نے کہا کہ ایران سے لوٹنے والے زائرین کی پہلے دلی میں ہی جانچ کی جاتی ہے بعد میں انہیں اپنے گھر لایا جاتا ہے ۔دریں اثنا کورونا وائرس متاثرہ ملک ایران میں پھنسے 58 زائرین پر مشتمل پہلا جتھہ منگل کے روز واپس ملک پہنچا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس جتھے میں بیشتر زائرین لداخ سے تعلق رکھتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ لداخ یونین ٹریٹری انتظامیہ نے دونوں اضلاع لیہہ اور کرگل میں اسکولوں کو تاحکم ثانی بنا بر احتیاط بند کیا ہے ۔ قبل ازیں جموں کشمیر انتظامیہ نے بھی جموں میں دو اضلاع اور کشمیر میں چار اضلاع میں تمام پرائمری اسکولوں کو ماہ رواں کی 31 تاریخ تک بند کیا ہے علاوہ ازیں جموں میں آنگن واڑی سینٹروں اور جموں کشمیر میں بائیو میٹرک نظام کو بھی بند کیا گیا ہے ۔