مکہ مکرمہ ۔وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے بعد عمرہ سیزن مرحلہ وار بحال کئے جانے سے اب تک مسجد الحرام میں 50 لاکھ سے زائد زائرین مستفیض ہوچکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر حج نے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ بعدازاں گورنرکو وزارت حج وعمرہ کی کارکردگی کی رپورٹ دیتے ہوئے کہا کہ وزارت کی جانب سے عمرہ زائرین اور مسجد الحرام میں باجماعت نمازکی ادائیگی کے لئے آنے والوں کو ہرممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ وزیرحج وعمرہ نے مزید کہا ہے کہ ابھی تک مسجد الحرام آنے والوں میں کورونا وائرس کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔ وزارت حج و عمرہ مکمل طور پر مقررہ ضوابط پر عمل کررہی ہے تاکہ کورونا کی وبا سے لوگوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔ واضح رہے سعودی عرب میں مارچ 2020 کے آخری ہفتے سے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر عمرہ اورمسجد الحرام میں نماز باجماعت کی ادائیگی پر پابندی عائدکردی گئی تھی تاہم کورونا وائرس کی وبا کم ہونے پر پابندی مرحلہ وار ختم کرتے ہوئے منظم طریقے سے عمرہ پروگرام بحال کیاگیا۔