دوسرے مرحلہ میں 178 کروڑ روپئے کی اجرائی
الیکشن کے بعد باقی درخواستوں پر غورکرنے حکومت کا اعلان
حیدرآباد: سیلاب کے متاثرین میں حکومت کی جانب سے 10,000 روپئے کی امداد کی تقسیم کو الیکشن کمیشن نے روک دیا ہے لیکن حکومت کا دعویٰ ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ تک مزید 178 کروڑ روپئے متاثرین کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کردیئے گئے۔ بی جے پی کی شکایت کے بعد اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے حکومت کو امداد کی تقسیم روکنے کی ہدایت دی تھی ۔ اس فیصلہ پر متاثرین میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے اور کل رات دیر گئے تک می سیوا مراکز پر عوام کا ہجوم دیکھا گیا تھا ۔ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق 20 اکتوبر تا 13 نومبر 4.86 لاکھ افراد میں 486 کروڑ روپئے تقسیم کئے گئے ۔ گزشتہ تین دنوں میں 2.86 لاکھ افراد میں می سیوا مراکز پر اپنی درخواستیں داخل کی گئی ہیں، ان میں سے 1.78 لاکھ درخواستوں کی جانچ کرتے ہوئے 178 کروڑ روپئے ان کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کئے گئے ۔ دیگر درخواستوں کی جانچ کا کام جاری ہے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد رقومات جاری کی جائیں گی ۔ 20 اکتوبر سے ابھی تک حکومت نے 6.64 لاکھ خاندانوں میں 664 کروڑ روپئے تقسیم کئے ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت نے نقدی امداد کی تقسیم کے لئے 550 کروڑ روپئے جاری کئے تھے۔