حیدرآباد /23 جنوری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں 9 کارپوریشنس اور 120 بلدیات کیلئے رائے دہی ہوچکی ہے اور نتائج کے فوری بعد ان کے مئیرس اور میونسپل کونسلرس کیلئے صدور نشین کا انتخاب عمل میں لانے اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔ کارپوریشن کے نومنتخبہ کارپوریٹرس اور کونسلوں کے نومنتخبہ کونسلروں کا پہلا اجلاس 27 جنوری جو ہوگا اور اس اجلاس میں مئیرس اور صدور نشین کا انتخاب عمل میں لایا جائیگا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ابتدا میں نومنتخبہ کارپوریٹرس و کونسلرس کو حلف دلایا جائیگا اور بعد ازاں دوپہر ٹھیک ساڑھے بارہ بجے مئیرس کارپوریشنس اور صدور نشین بلدیات کا انتخاب عمل میں آئیگا ۔ اس کے بعد ڈپٹی مئیرس اور نائب صدرنشین بلدیات کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا اور اس سلسلہ میں 25 جنوری کو نوٹس جاری کی جائے گی ۔