مئیر حیدرآباد بی رام موہن ’ کورونا پازیٹیو ‘ ۔ گھر میں قرنطینہ

,

   

افراد خاندان کے نتائج منفی ۔ مئیر گھر سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس حکام سے رابطہ میں رہیں گے
حیدرآباد۔26جولائی (سیاست نیوز) مئیر مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کو دو مرتبہ کورونا وائرس کے معائنہ کے نتائج منفی آنے کے بعد تیسری مرتبہ کورونا کی توثیق ہوئی ہے اور وہ شخصی قرنطینہ میں جا چکے ہیں۔ مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن راؤ کا آج اینٹی جین ریاپڈ ٹسٹ کیا گیا اور اس میںان کو کورونا کی توثیق ہوئی ہے لیکن انہیں کوئی علامات نہیں ہیں۔ بی رام موہن کے کورونا وائرس کے نتیجہ مثبت پائے جانے کے بعد انہوں نے گھر سے کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مئیر کا ماہ جون کے دوران 2 مرتبہ کورونا وائرس کا معائنہ کیا گیا تھا لیکن ان کے نتائج منفی تھے۔ پہلی مرتبہ مئیر نے رضاکارانہ طورپر معائنہ کروایا تھا اور ان کا نتیجہ منفی آیا تھا لیکن جب مئیر کے ڈرائیور کو کورونا کی توثیق ہوئی تو دوبارہ ان کا ٹسٹ کیا گیا اور ان کے افراد خاندان کا بھی معائنہ کیا گیا لیکن اس وقت بھی ان کے اور تمام افراد خاندان کے معائنے منفی پائے گئے تھے لیکن آج جب مئیر رام موہن اور ان کے افراد خاندان کا ریاپڈ ٹسٹ کیا گیا تو مئیر کا نتیجہ مثبت پایا گیا جبکہ دیگر افراد خاندان کے نتائج منفی پائے گئے ہیں۔ مئیر نے نتیجہ مثبت پائے جانے پر شخصی قرنطینہ میں جانے کا فیصلہ کیا اور کہا جار ہاہے کہ مسٹر رام موہن گھر سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاسوں میں شرکت کریںگے۔ مئیر کو کورونا کی تصدیق کے بعد ان کا گھر میں علاج کیا جائے گا اور اگر ضرورت محسوس ہوتی ہے تو انہیں پلازما تھراپی دینے کے متعلق غور کیاجائے گا۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ معمول مطابق مئیر کے معائنہ کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ وہ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں لیکن ان میں کوئی علامات نہیں ہیں بلکہ وہ صحت مند ہیں۔ مئیر کو کورونا کی توثیق کے ساتھ ان کے تمام افراد خاندان کے معائنوں کا جائزہ لیا گیا لیکن ان میں کسی کا نتیجہ مثبت نہیں پایا گیا ۔ مئیر کو ان کے کمرہ تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بلدیہ حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے بعد شہر میں کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہی ریکارڈ کیا جا رہاہے۔