حلف برداری کے بعد کونسل سے روانگی ۔ قائدین کی مداخلت پر واپسی
حیدرآباد۔ٹی آر ایس کی جانب سے مسز وجیہ لکشمی کو مئیر بنانے کے ساتھ ہی عہدہ کی دوڑ میں شامل کارپوریٹر خیریت آباد مسز وجیہ ریڈی نے شدید ناراضگی کا اظہار کرکے حلف برداری کے ساتھ ہی کونسل سے روانہ ہو گئیں ۔ تاہم سرکردہ پارٹی قائدین نے مسلسل فون رابطہ کرکے انہیں مئیر کے انتخاب کے عمل میں حصہ لینے کونسل واپس ہونے پر مجبور کیا ۔ وجے ریڈی مئیر کیلئے دعویداروں میں شامل تھیں کیونکہ پارٹی سے انہیں سابق میں اسمبلی اور کونسل انتخابات میں وعدہ کیا گیا تھا کہ انہیں کسی بڑے عہدہ پر لایا جائے گا۔ خیریت آباد حلقہ اسمبلی سے ڈی ناگیندر کو ٹکٹ سے قبل بھی وجیہ ریڈی نے دعویداری پیش کی تھی اور اس کے بعد کونسل انتخاب کے دوران بھی وہ کوشش کرنے والوں میں شامل رہیں۔ وجیہ ریڈی کے حامیوں کی جانب سے انہیں مئیر کا عہدہ نہ دئیے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا جا رہا ہے لیکن وجیہ ریڈی نے بتایا کہ وہ پارٹی کے خلاف نہیں ہیں اور نہ پارٹی کے فیصلہ کی مخالفت کر رہی ہیں بلکہ انہیں حق حاصل ہے وہ بھی دیگر قائدین کی طرح ترقی کیلئے کوشش کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا مقصد ریاست میں سیکولر کردار کی برقراری کے علاوہ تمام طبقات کی ترقی کو یقینی بنانا ہے اوراسی لئے بی جے پی کو بلدیہ حیدرآباد میں اقتدار سے روکنا ان کی اولین ترجیح رہی ہے۔