حیدرآباد 16 اکتوبر (سیاست نیوز) ممنوعہ ماؤیسٹ پارٹی نے بی سی تنظیموں کے 42 فیصد تحفظات کیلئے 18 اکتوبر کو تلنگانہ بند کی مکمل تائید کرتے ہوئے عوام سے بند کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے ۔ ماؤیسٹ ترجمان جگن نے ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں بلز کی منظوری کے باوجود مرکزی حکومت بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے بجائے ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کرکے ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہی ہے جس کی ماؤیسٹ پارٹی مذمت کرتی ہے اور ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں ، رضاکارانہ تنظیموں سے اپیل کرتی ہے کہ یہ 18 اکتوبر کو بند مناکر مرکزپر دباؤ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کے حدود میں قوانین بنانے کا ریاستوں کو اختیار ہونا چاہئے ۔ تلنگانہ حکومت نے مقامی اداروں میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کیلئے اسمبلی میں بل منظور کیا۔ آرڈیننس جاری کیا، پھر جی او 9 بھی جاری کیا گیا ۔ حکومت بی سی تحفظات فراہم کرنے سنجیدہ ہے مگر مرکزی حکومت اس میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہیں۔ عدالتوں میں بھی انصاف نہیں ہوا ۔ انہوں نے تمام جماعتوں اور حکومت کو مرکزی حکومت کے خلاف متحدہ جدوجہد کا مشورہ دیا اور پارلیمنٹ میں قانون سازی کرکے مسئلہ کا خوشگوار حل دریافت کرنے پر زور دیا۔ اس کے علاوہ جگن نے آر ایس ایس کی صد سالہ تقاریب کے موقع پر 100 روپئے کا سکہ اور پوسٹل اسٹامپ جاری کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔