ڈی جی پی تلنگانہ ایم مہیندر ریڈی نے میڈیا کے روبرو پیش کیا
حیدرآباد ۔ 8 اکٹوبر (سیاست نیوز) ماوسٹ سینئر قائد الوری اوشارانی عرف وجیہ اکا عرف بھانو دی دی نے آج ریاستی پولیس کے روبرو خودسپردگی اختیار کرلی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مہندر ریڈی نے اوشارانی کی خودسپردگی کی تصدیق کردی اور انہیں میڈیا کے روبرو پیش کیا۔ بتایا جاتا ہیکہ خرابی صحت کے سبب بھانو دی دی نے خودسپردگی اختیار کرلی جو دانڈاکارا نیم علاقہ میں اہم عہدہ پر فائز ہیں۔ دانڈاکارا نیم ڈیویژنل کمیٹی سکریٹری کی حیثیت سے اوشارانی خدمات انجام دے رہی تھیں۔ اوشارانی کا تعلق ریاست آندھراپردیش کے تنالی گنٹور سے بتایا گیا ہے۔ ان کے والدین بھی ماوسٹ تھے اور ان کے بھائی بہن بھی ماوسٹ تنظیم سے وابستہ ہیں جبکہ ان کے شوہر ایک انکاؤنٹر میں ہلاک ہوئے تھے جو ماوسٹ ڈیویژنل کمیٹی رکن تھے۔ مدارس یونیورسٹی سے ایم اے کی تکمیل کے بعد اوشارانی نے 80 کے دہے میں ماوسٹوں میں شمولیت اختیار کرلی اور تقریباً 40 سال تک تنظیم کے مختلف عہدوں پر فائز رہتے ہوئے اپنی ذمہ داری سنبھالی۔ والدین کی سرگرمیاں اور والد کے لٹریچر سے شدید متاثر اوشارانی نے تعلیمی دور ہی میں سرگرم ہوگئی تھی اور آر ایس یو میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ ان کے والد انقلابی ادیبوں کی تنظیم ویراسم کے قائد تھے جو بعد میں پیپلزوار میں شامل ہوگئے۔ اوشارانی نے آج ریاستی ڈی جی پی کے آگے خودسپردگی اختیار کرلی۔ع