ماؤنٹ آبو ،پانی کے شدید بحران سے دوچار

   

Ferty9 Clinic

پینے کے پانی کے روایتی وسائل کو نظرانداز کرنے کا نتیجہ
ماؤنٹ آبو۔12جون(سیاست ڈاٹ کام)راجستھان میں سیاحتی مقام ماؤنٹ آبو میں پینے کے پانی کے روایتی وسائل کو نظر انداز کرنے اور زمین میں مسلسل گھٹتی پانی کی سطح کی وجہ سے پینے کے پانی شدید بحران ہے ۔ماہرین نے بتایا کہ بارش کے پانی کو روکنے کے لئے مناسب آبی ذخائر کے بہتر انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ماؤنٹ آبو ہر سال پیاسا ہی رہ جاتا ہے ۔حالانکہ بارش سے علاقے کے آبی ذخائر لبالب بھر بھی گئے لیکن ان سے چھلک کر سارا پانی گجرات کی سمت بہہ گیا۔جس سے یہاں کے لوگوں کو گرمی سے پہلے ہی پینے کے پانی کے بحران کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ماہرین کے مطابق علاقے میں عام طورپر معمول سے بارش ہونے کے باوجود 328 مربعہ کلومیٹر رقبہ کے جنگلاتی علاقوں میں ہزاروں ایم سی ایف ٹی پانی ضائع چلاجاتا ہے ۔اگر اس پانی کی آدھی مقدار بھی محفوظ کرلی جائے تو اس سیاحتی مقام پر پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل ہونا ممکن ہے ۔اس سے ماحولیاتی تحفظ مین اہم رول اداکرنے والے جنگلاتی علاقوں میں بھی پورے سال پانی کی فراہمی رہے گی۔ہریالی ہونے سے جنگلی جانور بھی آبادی کی طرف نہیں بھٹکیں گے ۔ذرائع کے مطابق بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لئے دہائیوں سے منصوبے بنائے جاتے رہے ہیں،لیکن ان کو کبھی بھی مکمل طورپر عملی جامع نہیں پہنایا گیا ۔گزشتہ چار دہائی سے بھی زیادہ وقت سے زیر التوا سال گاؤں پروجیکٹ اب تک منظوری کے انتظار میں ہے ۔اگر مجوزہ چھوٹے بڑے باندھ اینی کٹ (وہ باندھ جو ایک ندی کے آر پار بنایا جائے ،تاکہ آبپاشی کی نہروں میں پانی مہیا ہو)بنادئے گئے ہوتے تو برساتی پانی ضائع نہیں جاتا اور علاقے میں پینے کے پانی کے بحران کی نوبت نہیں آتی،لیکن ان پروجیکٹوں کے التوا میں رہنے کاخمیازہ یہاں کے لوگوں کو بھگتنا پڑرہا ہے ۔