حیدرآباد: دنیا ایک طرف کورونا وباء سے نمٹنے میں مصروف تھی اسی دوران دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کی بلندی میں 0.86 میٹر کا اضافہ ہوا۔ نیپال اور چین نے مشترکہ طور پر اس بات کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کی سرحد پر موجود ایورسٹ کی اونچائی 8848.86 میٹر یعنی 29032 فٹ ہوچکی ہے۔ چین نے ابتداء میں ماؤنٹ ایورسٹ کی اونچائی 8848.43 میٹرس بتائی تھی جو نیپال کے اعداد و شمار سے چار میٹر کم ہے۔ اب دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کرلیا ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ کی اونچائی 8848.86 میٹر ہے۔ 2015 ء میں نیپال میں 7.8 شدت کے ساتھ زلزلہ آیا تھا جس میں 9000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بلندی میں اضافہ کی وجوہات کے سلسلہ میں ماہرین مختلف آراء ظاہر کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 2015 ء کے زلزلہ کے بعد سے بلندی میں اضافہ ہوا۔ سائنسدانوں نے بھی اس بات کی توثیق کی ۔ 1954 ء میں سروے آف انڈیا نے ماؤنٹ ایورسٹ کی بلندی 8848 میٹر بتائی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ بلندی میں اضافہ کی حقیقت کا پتہ چلانے کیلئے دنیا بھر کے سائنسداں اور میاپ میکرس مصروف ہیں ۔