چھتیس گڑھ میں انکاؤنٹر ۔ فی کس 40 لاھ روپئے کا انعام تھا
حیدرآباد22 ستمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی ( ماؤیسٹ ) سنٹرل کمیٹی کے دو ارکان چھتیس گڑھ کے نارائن پور ضلع میں ایک انکاؤنٹر میں مارے گئے ۔ ان دونوں کا تلنگانہ سے تعلق بتایا گیا ہے ۔ ان دونوں پر فی کس 40 لاکھ روئے کا انعام تھا ۔ سی پی آئی ماؤیسٹ سنٹرل کمیٹی ارکان کی شناخت کٹا رامچندر ریڈی عرف راجو دادا اور کدری ستیہ نارائن ریڈی عرف کوسا دادا کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ یہ دونوں نارائن پور ضلع میں ابھوجمد علاقہ میں ہوئے انکاونٹر میں ہلاک ہوگئے ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس رابنسن گوڈیہ نے یہ بات بتائی ۔ سکیوریٹی فورسیس نے ماؤیسٹوں کی نقل و حرکت سے متعلق انٹلی جنس اطلاعات پر تلاشی مہم شروع کی تھی جس کے دوران یہ انکاؤنٹر ہوا ۔ پولیس کو انکاؤنٹر کے مقام سے ایک اے کے 47 رائفل ‘ ایک انساس رائفل ‘ ایک بی جی ایل لانچر اور بھاری مقدار میں دھماکو مادوں کے علاوہ ماؤیسٹ لٹریچر بھی برآمد ہوا ۔ 63 سالہ راجو دادا گڈسا اوسینڈی ‘ وجئے اور وکلپ کے ناموں سے جانا جاتا تھا جبکہ 67 سالہ کوسا دادا گوپنا اور بوچنا کے ناموں سے جانا جاتا تھا ۔ ان کا تعلق کریمنگر ضلع سے بتایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ یہ دونوں دنڈا کرنیہ اسپیشل زونل کمیٹی میں گذشتہ دیند ہوں سے سرگرم تھے اور کئی پرتشدد کارروائیوں کے سرغنہ تھے ۔ بستر علاقہ کے آئی جی پولیس سندر راج نے بتایا کہ ماؤیسٹوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں سے تنظیم کو بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔