جوبلی ہلز میں کانگریس کو شکست پر ہی حکومت نیند سے بیدار ہوگی
حیدرآباد ۔ 25 اکٹوبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے مائناریٹی سب پلان اور مائناریٹی ڈیکلریشن کے ذریعہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو دھوکہ دینے والی کانگریس کو جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں شکست دینے کا مطالبہ کیا۔ شکست ہونے پر ہی حکومت نیند سے بیدار ہونے کا دعویٰ کیا۔ آج تلنگانہ بھون میں مختلف پارٹیوں کے مقامی قائدین کی بی آر ایس میں شمولیت پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں مسلمانوں سے مائناریٹی سب پلان کا وعدہ کیا اور ساتھ ہی مائناریٹی ڈیکلریشن جاری کیا گیا۔ نہ ہی سب پلان کی راہ ہموار ہوئی اور نہ ہی مائناریٹی ڈیکلریشن پر عمل کیا گیا یہاں تک اقلیتی بجٹ کو 5 ہزار کروڑ روپئے کرنے کا وعدہ کیا گیا۔ اس پر بھی کوئی عمل آوری نہیں ہوئی۔ صرف 800 کروڑ روپئے جاری کرتے ہوئے اقلیتوں کو دھوکہ دیا گیا ہے۔ کانگریس حکومت نے سماج کے تمام طبقات سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ بی آر ایس کے دورحکومت میں کے سی آر نے عوامی مسائل کو حل کیا تھا۔ ریونت ریڈی کے دورحکومت میں عوام مختلف مسائل سے پریشان ہیں۔ بحیثیت چیف منسٹر کے سی آر نے شہریوں کو مفت پینے کا پانی سربراہ کیا۔ مؤثر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے بستی دواخانوں کا جال پھیلادیا۔ 5 روپئے میں طعام کا انتظام کیا گیا۔ تمام غریب اور مستحقین کو پینشن فراہم کیا۔ رمضان تحفہ فراہم کرنے کے علاوہ کئی انقلابی اسکیمات کو متعارف کراتے ہوئے تلنگانہ کو سارے ملک میں فلاحی اسٹیٹ میں تبدیل کردیا تھا مگر کانگریس کے دوسالہ دورحکومت میں ریاست تلنگانہ 20 سال پیچھے ہوگئی ہے۔ اگر جوبلی ہلز میں کانگریس کو شکست نہیں دی گئی تو حکومت یہی تصور کرے گی کہ عوام مطمئن ہیں۔2