حیدرآباد /31 جنوری ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ مائیلاردیوپلی میں ایک چوکیدار کا قتل کردیا گیا ۔ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ چوری کی غرض سے پہونچے نامعلوم سارقوں نے یہ واردات انجام دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق 20 سالہ آصف جو اترپردیش کا متوطن تھا روزگار کی تلاش میں حیدرآباد آیا تھا ۔ آصف 20 دن قبل حیدرآباد پہونچا تھا اور مائیلاردیوپلی کے علاقے میں ایک ورک شاپ میں چوکیداری کر رہا تھا ۔ کل رات ورک شاپ کے مالک محبوب اور دیگر کام کرنے والے افراد چلے گئے اور آصف نگرانی کر رہا تھا کہ رات دیر گئے چند نامعلوم لٹیرے ورک شاپ پہونچے اور آصف پر لوہے کی سلاخ سے حملہ کردیا ۔ اس حملہ میں آصف ہلاک ہوگیا۔ لٹیروں نے ورک شاپ میں لگے کیمروں کو تباہ کردیا اور ڈی وی آر لیکر فرار ہوگئے ۔ پولیس مائیلاردیوپلی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع