مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیہ ناڈیلہ سے نارا لوکیش کی ملاقات

   

آندھرا پردیش میں آئی ٹی اور آرٹیفیشل انٹلیجنس کی ترقی میں تعاون کا تیقن، امراوتی کی ترقی سے واقف کرایا

حیدرآباد۔/29 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش نے دورہ امریکہ کے موقع پر مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکیٹوآفیسر ستیہ ناڈیلہ سے ملاقات کی اور آندھرا پردیش میں انفارمیشن ٹکنالوجی، آرٹیفیشل انٹلیجنس اور اِسکل ڈیولپمنٹ جیسے شعبہ جات کی ترقی کیلئے رہنمائی کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ریاست میں آئی ٹی شعبہ کی ترقی کے اقدامات کی تفصیلات پیش کی۔ نارا لوکیش نے امید ظاہر کی کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی اس مہم میں آندھرا پردیش حکومت کو مائیکرو سافٹ کی مکمل مدد حاصل رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو حکومت امراوتی کو ملک میں انفارمیشن ٹکنالوجی کا دارالحکومت بنانا چاہتی ہے اور یہ مائیکرو سافٹ کے تعاون سے ممکن ہے۔ نارا لوکیش نے ستیہ ناڈیلہ کو آندھرا پردیش کے دورہ کی دعوت دی۔ مائیکرو سافٹ کے دورہ کے موقع پر تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین نے نارا لوکیش سے ملاقات کی اور انہیں اپنی خدمات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ تلگو ریاستوں کے ملازمین نے نارا لوکیش کے ساتھ تصویر کھنچوائی۔ نارا لوکیش نے کہا کہ ستیہ ناڈیلہ کے والد بی این یوگیندھر متحدہ آندھرا پردیش میں آئی اے ایس عہدیدار تھے اور دیہی علاقوں کے عوام کے معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے مساعی کی تھی۔ ستیہ ناڈیلہ 2014 سے مائیکرو سافٹ کے سی ای او کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اکٹوبر2024 تک مائیکرو سافٹ نے دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت بنالی اور کاروبار میں وسعت دی۔ نارا لوکیش نے آندھرا پردیش کی ترقی کیلئے حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ کئی بین الاقوامی اداروں نے آندھرا پردیش میں اپنے کیمپس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ نارا لوکیش نے بتایا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی ترقی کے ذریعہ امراوتی کو آئی ٹی دارالحکومت بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ستیہ ناڈیلہ نے آندھرا پردیش کی ترقی میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔1