واشنگٹن 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں میڈیا کی چوٹی کی شخصیت ارب پتی مائیک بلومبرگ، آئندہ صدارتی انتخابات کیلئے ڈیموکریٹ جماعت کی ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کو اٹھارہ ملین ڈالر عطیہ کریں گے۔ اس بات کا اعلان جمعے کے روز بلومبرگ کی انتخابی مہم نے کیا۔اس ماہ کے اوائل میں ‘سپر ٹیوز ڈے’ میں شکست کے بعد، نیو یارک شہر کے سابق میئر، بلومبرگ نے ڈیومکریٹ جماعت کی جانب سے صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے دستبرداری اختیار کی تھی۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ ری پبلکن جماعت کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرانے کیلئے، وہ ڈیموکریٹ جماعت کی ہر طرح سے مدد کریں گے۔ان کی انتخابی مہم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مائیک بلومبرگ کا ایک ہی مقصد ہے کہ اس سال نومبر کے صدارتی انتخاب میں وہ صدر ٹرمپ کو ہرانے میں ڈیموکریٹ جماعت کی مدد کریں۔بلومبرگ کی انتخابی ٹیم کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی مہم کے دوران میڈیا اشتہارات کی مد میں دو سو پچھتر ملین ڈالر اپنی جیب سے خرچ کئے تھے۔