بولٹن کی اچانک برخاستگی پر خوش پامپیو اپنی مسکراہٹ چھپا نہ سکے
واشنگٹن ۔14ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی مشیر جان بولٹن کی اچانک اور حیرت انگیز سبکدوشی کے بعد وزیر خارجہ مائیک پامپیو وہائٹ ہاؤز میں خطاب کے دوران آج اپنی خوشی و مسکراہٹ چھپا نہ سکے کیونکہ بولٹن کی برخاستگی کے بعد پامپیو اب ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کے غیرمتنازعہ بے تاج بادشاہ بن گئے ہیں۔ پامپیو جو ایک سابق فوجی سپاہی ، وکیل اور بزنسمین ہیں دائیں بازو کی مقبولیت پسند جماعت ’ٹی پارٹی ‘ تحریک کے اُمیدوار کی حیثیت سے 2010 ء میں پہلی مرتبہ کنساس سے رکن کانگریس منتخب ہوئے تھے اور دیکھتے ہی دیکھتے چند اونچی سیاسی چھلانگوںکے ساتھ واشنگٹن میں اقتدار کی راہداری تک رسائی حاصل کرلی لیکن کئی تجزیہ نگار یہ پیش قیاسی کرتے ہیں کہ پامپیو بھی اس طاقتور اور بااثر مقام پر زیادہ دن نہیں رہ سکیں گے ۔
