مائیک پومپیو ایک ’’زہریلی‘‘ شخصیت : شمالی کوریا

   

امریکہ نے تحدیدات کا سلسلہ جاری رکھا تو شمالی کوریا امریکہ کیلئے مسلسل خطرہ بنا رہیگا: وزیرخارجہ

سیول ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے وزیرخارجہ نے جمعہ کے روز ایک اہم بیان دیتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کو امریکہ کا ایک زہریلا پودا قرار دیا جو امریکہ کی سفارتی اقدار کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ عزم کیا کہ امریکہ کے اس بھرم کو وہ توڑ دیں گے جس کے تحت امریکہ یہ خواب دیکھ رہاہیکہ شمالی کوریا پر تحدیدات عائد کرتے ہوئے وہ (امریکہ) شمالی کوریا کو ہمیشہ کیلئے تبدیل کردے گا اور بالآخر شمالی کوریا امریکہ کے آگے گھٹنے ٹیک دے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ جاریہ ہفتہ کے اوائل میں ایک سینئر امریکی سفارتکار نے کہا تھا کہ امریکہ شمالی کوریا سے دوبارہ بات چیت کیلئے تیار ہے جبکہ صرف ایک روز قبل ہی امریکہ اور جنوبی کوریا نے اپنی معمول کی فوجی مشقوں کو ختم کیا تھا جس کے بارے میں شمالی کوریا نے واضح طور پر کہا تھا کہ دونوں ممالک (امریکہ اور جنوبی کوریا) ’’فوج کشی‘‘ کی ریہرسل کررہے ہیں۔ شمالی کوریا کے وزیرخارجہ ری یانگ ہو نے مائیک پومپیو پر ’’زہریلا‘‘ ہونے کا ریمارک خود پومپیو کی جانب سے شمالی کوریا کے متعلق ایک تبصرہ کرنے کے خلاف بطور احتجاج کیا تھا۔ پومپیو نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ امریکہ شمالی کوریا پر تحدیدات کا سلسلہ اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک شمالی کوریا اپنے آپ کو نیوکلیئر توانائی سے پاک نہیں کرلیتا۔ ری یانگ ہو نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان بات چیت کے راستے ہموار ہورہے ہیں، ہم مائیک پومپیو کے ریمارک کو تن آسانی سے نہیں لے سکتے۔ مائیک پومپیو اس شخصیت کا نام ہے جس نے شمالی کوریا کو نیوکلیئر توانائی سے پاک بنانے کیلئے ’’التجا کی تھی‘‘ اور شمالی کوریا کا دورہ کرنے کے بعد ہی امریکہ اور شمالی کوریا کے باہمی تعلقات میں بہتری پیدا کی تھی۔ یہی نہیں بلکہ موصوف نے شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان سے بھی کئی بار ملاقات کی تھی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ ماہ اپریل میں شمالی کوریا نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے نیوکلیئر بات چیت سے مائیک پومپیو کو ہٹائے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔ مسٹر ری نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا بات چیت یا ٹکراؤ دونوں کیلئے تیار ہے اور اگر امریکہ نے شمالی کوریا پر تحدیدات کے نفاذ کا سلسلہ جاری رکھا تو پھر امریکہ کو یہ یاد رکھ لینا چاہئے شمالی کوریا امریکہ کیلئے بدستور ایک خطرہ بنا رہے گا۔ یاد رہیکہ مائیک پومپیو نے واشنگٹن اکزامینر کو حالیہ دنوں میں ایک انٹریو کے دوران شمالی کوریا کے خلاف زہرافشانی کی تھی اور کہا تھا کہ شمالی کوریا پر جو تحدیدات عائد کئے جائیں گے وہ ’’تحدیدات کی تاریخ‘‘ کے سخت ترین تحدیدات ہوں گے۔ بہتر یہی ہوگا کہ شمالی کوریا نیوکلیئر عزائم سے باز آجائے۔