مائیک پومپیو کا قاسم سلیمانی کے قتل پر طنزیہ تبصرہ

   


واشنگٹن : سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کو ہلاک کرنے پر فخر کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے موجودہ امریکی انتظامیہ کے ایران کے حوالے سے نرم رویے اور ایران کے نیوکلیئر پروگرام میں واپسی کی کوششوں پر اسے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔فلوریڈا میں ری پبلکن پارٹی کی ایک تقریب سے خطاب میں پومپیونے کہا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کا اقدام امریکہ کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوںنے طنزیہ انداز میں کہا کہ خدا قاسم سلیمانی پر رحم کرے۔ اب وہ امریکیوںکیلئے مزید مشکلات پیدا کرنے کے قابل نہیں رہا ہے۔ پومپیو نے تقریب سے خطاب میں حاضرین سے استفسار کیا کہ آپ میں سے کتنے لوگ قاسم سلیمانی کویاد کرتے ہیں؟۔ پھر خود اس کا جواب مزاحیہ الفاظ میںدیتے ہوئے کہا کہ اپنے قتل کے بعد سلیمانی امریکیوں کیلئے مزید مشکلات پیدا کرنے کے قابل نہیں رہا ہے۔ ہمیں سلیمانی کو ہلاک کرنے پرفخر ہے۔