مائیگرنٹ ورکرس کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری: تلنگانہ ہائیکورٹ

,

   

شاہراہوں پر پیدل چلنے والوں کیلئے ٹرین اور بسوں کا انتظام کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے مائیگرنٹ ورکرس کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ بسوں اور ٹرینوں کے ذریعہ ان کی واپسی کا انتظام کریں۔ عدالت نے پیدل سفر کرنے والے مزدوروں کو قریبی عارضی شیلٹرس یا پھر انکے مقامات تک پہنچانے اقدامات کرنے حکومت کو ہدایت دی۔ عدالت نے کہا کہ میڑچل ہائی وے پر پھنسے لیبرس کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اسکے علاوہ عادل آباد کے قریب مہاراشٹرا سرحد پر ورکرس کو بے یارومددگار چھوڑدیئے جانے پر عدالت نے تشویش کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس بی وجیا سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے عبوری احکامات جاری کرکے یہ ہدایت دی۔ پروفیسر رام شنکر نارائن ملکوٹے کی دائر کردہ مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کی گئی۔ درخواست گذار نے عدالت کو بتایا کہ مائیگرنٹ ورکرس کی صورتحال دگرگوں ہے اور عادل آباد سرحد پر وہ بے یارومددگار زندگی ہیں انہیں مہاراشٹرا اور چھتیس گڑھ واپس ہونا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اب جبکہ ٹرین اور بس سرویسس کا آغاز ہوچکا ہے لہذا ورکرس کو سرحد پر چھوڑ دینا ٹھیک نہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ شدید دھوپ کے دوران بچے اور خواتین ہائی وے پر پیدل رواں دواں ہیں۔ کئی حاملہ خواتین کو سڑک کے کنارے ڈیلیوری پر مجبور ہونا پڑا ۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے عدالت کو بتایا کہ حکومت سے ورکرس کی بھلائی کیلئے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 20 افراد نے بلاسپور جانے ایک خانگی ٹرک کرایہ پر حاصل کیا تھا اور حکومت کی جانب سے جبراً کسی کو روکا نہیں گیا ۔ ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ عادل آباد سرحد پر مائیگرنٹ ورکرس پھنسے نہیں ہیں۔ ڈیویژن بنچ نے واضح کیا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مائیگرنٹ ورکرس کا خیال کرے۔ ورکرس جو سڑک پر پیدل چل رہے ہیں انہیں میڑچل کے شیلٹرس میں منتقل کیا جائے۔ غذا اور شیلٹر اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے مائیگرنٹ لیبرس کے مسئلہ پر حکومت کو 29 مئی تک رپورٹ دینے کی ہدایت دی۔

جھارکھنڈ کیلئے مائیگرنٹ ورکرس کی ٹرینوں کی گھٹکیسر سے روانگی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست جھارکھنڈ کے لیے گھٹکیسر ریلوے اسٹیشن سے آج ٹرینوں کو روانہ کیا گیا ۔ کمشنر پولیس رچہ کنلاہ اور کلکٹر میڑچل وینکٹیشورلو نے مائیگرنیٹ ورکرس اور مدرسہ اسٹوڈنٹس کو ٹرینوں میں اپنے آبائی مقامات روانہ کیا ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ سے کل 41 ٹرینیں ( شرامک ایکسپریس ) ریاست بہار ، اترپردیش ، مہاراشٹرا ، اڈیشہ ، جھارکھنڈ ، مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ ، آسام ، منی پور کے لیے روانہ کی گئیں ۔ مائیگرنٹ مزدوروں کو محفوظ اور سہولت بخش انداز میں ان کے آبائی مقامات کو روانہ کرنے کے لیے حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقدامات کئے گئے اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خصوصی ہدایت اور دلچسپی سے عہدیداروں نے مائیگرنٹ ورکرس کی سہولت بخش اور آسان انداز میں روانگی کو یقینی بنایا اور امکان ہے کہ لاک ڈاؤن کے اختتام کے بعد یہ ورکرس واپس آجائیں گے ۔