اندرون 10 یوم تفصیلات اکٹھا کرنے چیف سکریٹری کی ہدایت
حیدرآباد۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے ریاست میں مائیگرنٹ ورکرس کی بھلائی کے اقدامات پر وزارت لیبر اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ عہدیداروں کی ہدایت دی گئی کہ تمام صنعتوں خاص طور پر فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائیلس، رائس ملز اور کنسٹرکشن کمپنیوں سے مائیگرنٹ ورکرس کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے ایکشن پلان تیار کریں۔ اس کا مقصد مائیگرنٹ ورکرس کی بھلائی کی پالیسی تیار کرنا ہے۔ حکومت مائیگرنٹ ورکرس کو راشن کارڈ، ہیلت کیر، تعلیم ، اِسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ پروگرام کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بہتر تال میل کے ذریعہ تفصیلات حاصل کریں اور نوڈل آفیسر کا تقرر کریں تاکہ اندرون دس یوم خصوصی مہم کے ذریعہ مائیگرنٹ ورکرس کی تفصیلات حاصل کی جاسکیں۔ اسپیشل چیف سکریٹری رانی کمودنی، پرنسپل سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن، پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، سکریٹری لیبر احمد ندیم اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔