مائیگرنٹ ورکرس کیلئے ’’غریب کلیان روزگار ابھیان‘‘ کا افتتاح

,

   

آبائی مقامات واپس مزدوروں کو روزگار کی فراہمی اور دیہاتوں کی ترقی میں اسکیم معاون : وزیراعظم نریندر مودی

نئی دہلی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج مائیگرنٹ ورکرس کیلئے روزگار اسکیم ’’غریب کلیان روزگار ابھیان‘‘ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بیروزگاری اور دیگر مسائل سے پریشان ہوکر شہروں سے ہنرمند افراد اپنے دیہاتوں کو واپس ہوگئے، اب ان کے ذریعہ دیہی علاقوں کی ترقی کا کام لیا جائے گا۔ اسکیم کا افتتاح کرنے کے بعد مودی نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف دیہاتیوں کی کوششوں کی بعض افراد کی جانب سے ستائش نہیں کی جاتی، لیکن وہ دیہی افراد کی کورونا وائرس وباء کے خلاف کوششوں کی بھرپور ستائش کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روزمہاجر مزدورں کوان کے اپنے علاقوں میں ذریعہ معاش فراہم کرنے کے لئے 50,000 کروڑ روپے کا ‘غریب کلیان یوجنا’ کا آغاز کیا۔مسٹر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بہار کے ضلع کھگڑیا کے بیلدور بلاک میں واقع تیلیہرگاؤں سے اس اسکیم کا آغاز کیا۔ اس اسکیم میں چھ ریاستوں کے 116 اضلاع کو شامل کیا گیا ہے ۔ ان میں راجستھان ، مدھیہ پردیش ، جھارکھنڈ ، اترپردیش ، بہار اور اڈیشہ شامل ہیں۔ہر ضلع میں کم از کم 25,000 مزدور اس مہم میں شامل ہوں گے ۔ اس طرح سے تقریباایک تہائی مہاجر مزدوروں کو اس مہم سے فائدہ ہوگا۔ اس مہم کے تحت روزگار کے مواقع میں اضافے کے ساتھ مستقل بنیادی ڈھانچہ بھی تشکیل دیا جائے گا۔ اس کے تحت دیہی علاقوں میں 25 کاموں میں تیزی لائی جائے گی۔ اس مہم میں 27 خواہش مند اضلاع کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ اس مہم کے تحت ہونے والے کاموں میں تالاب بنانا ، جانوروں کیلئے ٹھکانا بنانا، مقامی سڑکوں اور پلوں کی تعمیر وغیرہ شامل ہیں۔ حکومت نے یہ رقم پہلے ہی جاری کردی ہے ۔ اس مہم میں بارہ مختلف وزارتوں اورشعبوں مثلاً دیہی ترقیات ،پنچایتی راج۔سڑک ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہ ،کانکنی،پینے کا پانی اور حفظان صحت ،ماحولیات،ریلوے ،پیٹرولیم اوررینیویبل توانائی ،بارڈر روڈ،مواصلات اور زرعی کا م شامل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طریقہ سے دیہاتوں میں کورونا وائرس کے خلاف لڑائی لڑی گئی ہے، وہ شہروں کیلئے بڑا درس ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھاری تعداد میں لیبر اور ہنرمند افراد شہروں کو چھوڑ کر اپنے آبائی مقامات کو واپس ہوگئے ہیں جنہوں نے شہروں کی تیزتر ترقی میں اہم رول ادا کیا تھا۔ اب وہ دیہاتوں کی ترقی میں اضافہ کریں گے اور اس اسکیم کے ذریعہ ان کی اس کام میں مدد کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران مائیگرنٹ ورکرس مرکزی حکومت کی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔ مودی نے کہا کہ یہ ان کی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مزدوروں کو ان کے آبائی مقامات کے گھروں کے قریب روزگار فراہم کیا جائے گا اور دیہاتوں کی ترقی میں ان کی مدد کی جائے۔ اس اسکیم کے ذریعہ دیہاتوں کے انفراسٹرکچر کے فروغ میں تعاون سے متعلق وزیراعظم نے بتایا کہ پہلی مرتبہ شہروں سے زیادہ دیہاتوں میں انٹرنیٹ کا استعمال کیا جارہا ہے لہذا انٹرنیٹ کی اسپیڈ میں اضافہ کیلئے کام کیا جارہا ہے۔