مائیگرنٹ ورکرس کیلئے کانگریس کی جانب سے خصوصی بسوں کا انتظام

   

سونیا گاندھی کی ہدایت پر اقدام، اتم کمار ریڈی نے بسوں کو روانہ کیا

حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مختلف ریاستوں کے مائیگرنٹ ورکرس کی واپسی کیلئے کانگریس پارٹی کی جانب سے خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ اڈیشہ ، چھتیس گڑھ، بہار اور دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ورکرس کیلئے کانگریس نے خصوصی بسوں کا انتظام کرتے ہوئے انہیں آبائی مقامات روانہ کیا۔ نلگنڈہ سے اڈیشہ کے مائیگرنٹ ورکرس کیلئے خصوصی بسیں روانہ کی گئیں۔ اسی دوران اتم کمار ریڈی نے گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ لاک ڈاؤن کے دورن مائیگرنٹ ورکرس کے تحفظ میں مرکز اور ریاستی حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے سبب لاکھوں مائیگرنٹ ورکرس کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ حکومت کی جانب سے انتظامات نہ کئے جانے پر لاکھوں مزدور سڑک کے راستے ہزاروں کلو میٹر کا فاصلہ طئے کرتے ہوئے منزل مقصود پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیدل سفر کے دوران اموات اور مختلف حادثات کی صورت میں ہونے والی ہلاکتوں کیلئے حکومتیں ذمہ دار ہیں۔ خصوصی ٹرینوں کا حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا لیکن ہزاروں مزدور آج بھی روانگی کے منتظر ہیں۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی ہدایت پر ملک کی تمام ریاستوں میں کانگریس نے مائیگرنٹ ورکرس کے تحفظ اور خصوصی بسوں کی ذمہ داری لی ہے۔ پارٹی قائدین اپنے ذاتی خرچ سے بسوں کا انتظام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف حیدرآباد بلکہ اضلاع میں بھی پارٹی قائدین بسوں کے علاوہ تمام ضروری سامان کا انتظام کررہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بحران کی اس گھڑی میں حکومت غریبوں اور مائیگرنٹ ورکرس کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ معاشی پیاکیج سے غریبوں کا کوئی فائد ہ نہیں ہوا۔ انہوں نے نارائن کھیڑ میں ٹی آر ایس رکن اسمبلی کی برتھ ڈے پارٹی کو بے نقاب کرنے والے رپورٹر کے مکان کو منہدم کرنے کی مذمت کی۔