حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے اقلیتی قائدین نے مائیگرنٹ ورکرس کی منتقلی کے سلسلہ میں بسوں کا انتظام کرتے ہوئے اہم رول ادا کیا ہے۔ پردیش کانگریس کے ترجمان سید نظام الدین اور گریٹر حیدرآباد میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدر سمیر ولی اللہ کی مساعی سے تاحال 24 خصوصی بسوں کے ذریعہ بہار، اتر پردیش، جھار کھنڈ اور اڈیشہ کے مائیگرنٹ ورکرس کو آبائی مقامات منتقل کیا گیا۔ ان قائدین نے ورکرس کی منتقلی کیلئے 65 خصوصی بسوں کے انتظام کا فیصلہ کیا ہے اس کے لئے پولیس سے اجازت بھی حاصل کرلی گئی ہے۔ ٹولی چوکی ، حکیم پیٹ، گولکنڈہ اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں رہنے والے مائیگرنٹ ورکرس آبائی مقامات روانگی کیلئے پریشان تھے اور ان کے کنٹراکٹرس نے اقلیتی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے مسائل سے واقف کرایا۔ ہر بس میں 50 نشستوں کا انتظام کرتے ہوئے تمام سہولتیں فراہم کی گئیں تاکہ راستہ میں غذا اور پانی کا کوئی مسئلہ نہ رہے۔ فروٹس اور غذائی پیاکٹس کے علاوہ چھوٹے بچوں کیلئے دودھ کا بھی انتظام کیا گیا۔ راستہ میں پکوان کیلئے اناج اور ترکاری بھی فراہم کی گئی۔ پہلے مرحلہ میں جھار کھنڈ کے مزدور روانہ ہوئے تھے جو اپنی منزل مقصود پہنچ گئے۔سید نظام الدین نے بتایا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی ہدایت کے مطابق مائیگرنٹ ورکرس کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔