مائیگرنٹ ورکرس کی مدد کیلئے پہنچنے والے ہنمنت راؤ گرفتار

   

Ferty9 Clinic

پولیس سے بحث و تکرار، اتم کمار ریڈی نے گرفتاری کی مذمت کی
حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے مائیگرنٹ ورکرس کی منتقلی کیلئے حکام سے نمائندگی کیلئے پہنچنے والے سینئر کانگریسی قائد وی ہنمنت راؤ کو سرپور کاغذ نگر میں پولیس نے گرفتار کرلیا۔ وہ مائیگرنٹ ورکرس کے علاوہ کسانوں کی پیداوار کیلئے اقل ترین امدادی قیمت کی ادائیگی کا جائزہ لینے کیلئے کاغذ نگر پہنچے تھے۔ پولیس نے راستہ میں ہنمنت راؤ کی گاڑی کو روک لیا اور کہا کہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں وہ نہیں جاسکتے۔ ہنمنت راؤ اور پولیس عہدیداروں کے درمیان بحث تکرار ہوگئی آخر کار پولیس نے ہنمنت راؤ کے بشمول دیگر کانگریسی قائدین کو حراست میں لے لیا۔ پردیش کانگریس کے ترجمان آر لکشمن یادو، سکریٹری پردیش کانگریس ایم سریش بابو اور مقامی کانگریسی قائدین کو پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ انہوں نے لاک ڈاؤن کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی ہے بلکہ وہ مائیگرنٹ ورکرس کی مدد کیلئے پہنچے تھے۔ انہوں نے لاک ڈاؤن کی تحدیدات کے مطابق اپنے ساتھ صرف دو افراد کو رکھا لہذا پولیس کا رویہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر نمائندگی کا سیاسی قائدین کو حق حاصل ہے اور اسی کے تحت وہ کاغذ نگر پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سابق رکن پارلیمنٹ اور سابق صدر پردیش کانگریس کی حیثیت سے انہیں روکا نہیں جاسکتا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ پولیس سیاسی آقاؤں کے اشاروں پر کام کررہی ہے اور اسے برسر اقتدار پارٹی سے ہدایات موصول ہورہی ہیں تاکہ اپوزیشن کو روکا جاسکے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ مائیگرنٹ ورکرس اور کسانوں کے مسائل پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے ہنمنت راؤ کی گرفتاری کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہنمنت راؤ ان کی ہدایت پر مائیگرنٹ ورکرس کے مسائل کا جائزہ لینے پہنچے تھے۔ ہنمنت راؤ نے قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔ اتم کمار ریڈی نے ہنمنت راؤ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔