مائیگرنٹ ورکرس کی واپسی کے انتظامات میں حکومت ناکام

   

اڈیشہ کے ورکرس کیلئے خصوصی بسوں کی روانگی، اتم کمار ریڈی نے وداع کیا
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کی جانب سے اڈیشہ سے تعلق رکھنے والے مائیگرنٹ ورکرس کیلئے خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے مائیگرنٹ ورکرس کی بس کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ روانگی کے موقع پر راستہ میں درکار تمام بنیادی ضرورتوں کا انتظام کیا گیا جن میں غذا ، پانی اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔ بس کی روانگی سے قبل اتم کمار ریڈی نے مائیگرنٹ ورکرس سے بات چیت کی۔ ورکرس نے کہا کہ انہیں مرکز اور ریاست کی جانب سے تاحال کوئی امداد نہیں ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوںکی جانب سے مائیگرنٹ ورکرس کیلئے بلند بانگ دعوے کئے جارہے ہیں لیکن حقیقی معنوں میں حکومت کی جانب سے کوئی مدد نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ واپسی کا انتظام نہ ہونے کے سبب لاکھوں ورکرس پیدل اپنی منزل کیلئے روانہ ہوگئے اور راستہ میں فاقہ کشی اور بیماری سے کئی افراد کی موت واقع ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو پیدل چلنے والے ورکرس کیلئے بسوں اور ٹرینوں کا انتظام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی کانگریس کی جانب سے مائیگرنٹ ورکرس کیلئے بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے مختلف ریاستوں میں بسوں کا انتظام کیا گیا۔