مائی آٹواز سیف مہم کے بہتر نتائج

   

حیدرآباد۔15مارچ (سیاست نیوز)۔ دونوں شہروں کے عوام کا ان دنوں آٹو والوں پر بھروسہ اور اس سواری کے سفر پر اعتماد بڑھ رہا ہے اس کی ایک اہم وجہ آٹوکی سواری محفوظ ہونے کے علاوہ آٹووالوں کے برتاؤ میں بہتری ظاہرہونا ہے۔ آٹو والوں کے برتاؤ میں بہتری اورسدھار آنے کی اصل وجہ سٹی پولیس کی جانب سے چلائی جانے والی ایک منفرد اور عصری ٹکنالوجی سے لیس مہم ہے۔ اس مہم کے تحت آٹوزپرایک اسٹیکر چسپاں کیا جارہا ہے جو کہ پولیس محکمے کی طرف سے فراہم کیا جاتا ہے اور اس اسٹیکرپرانگریزی میں لکھا ہوتا ہے کہ ‘‘مائی آٹو از سیف’’ یعنی میرا آٹو محفوظ ہے۔ فی الحال دونوں شہروں میں 38000 آٹوزپر یہ اسٹیکرچسپاں کیا جاچکا ہے۔ سٹی پولیس کی جانب سے ماہ جنوری میں یہ مہم شروع کی گئی تھی اور اس کے تحت ہر آٹو پرایک سٹیکر لگا دیا جاتا ہے جس پر کیوآر(QR) کوڈ بھی ہوتا ہے اور یہ کوڈ ہی وہ اصل وجہ ہے جس کے ذریعہ مسافر اور ان کے عزیر واقارب آٹو کی حرکات و سکنات، آٹو والے کے برتاؤ پر نظر رکھنے اور محکمہ پولیس سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔ جنوری میں جب یہ مہم شروع کی گئی تھی تب آٹو والوں کی جانب سے اس مہم میں جوش و خروش نہیں دکھایا گیا تھا لیکن وقت کے گزرنے کے ساتھ آٹو والوں کی جانب سے کافی جوش و خروش دکھایا جا رہا ہے ۔