کولکتہ:مرکزی حکومت نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنرز کے انتخاب سے متعلق ایک بل پیش کیا تھا جس کو لے کر اب سیاسی بیان بازیاں تیز ہو گئی ہیں۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ٰ ممتا بنرجی نے اس بل پر مودی حکومت کی مذمت کی اور کہا کہ بی جے پی انارکی پر آمادہ ہو گئی ہے اور وہ عدلیہ کو نہیں مانتی۔ ممتا بنرجی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر کیے گئے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ اس ہفتے سی ای سی کی تقرری کے لیے تین رکنی پینل میں سی جے آئی کا کردار اہم ہے۔ ہم الیکشن کمشنر کے انتخاب میں سی جے آئی کی جگہ کابینہ وزیر کو لانے کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔ ممتا نے مزید کہا کہ اس عمل سے مشکل پیدا ہوگی اور ووٹوں میں ہیرا پھیری ہو سکتی ہے جس سے نقصان ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کو عدلیہ کے تئیں اس غلط روش پر سوال اٹھانا چاہیے۔ ہم ہندوستان کے لیے عدلیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ مائی لارڈ ہمارے ملک کو بچائیے۔