حیدرآباد۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں نے آج بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ’’مائی ہوم گروپ‘‘ کے سربراہ رامیشور راؤ جوپلی کے مکانات اور دفاتر پر بیک وقت دھاوے کئے۔ سمجھا جاتا ہے کہ 200 انکم ٹیکس عہدیداروں پر مشتمل خصوصی ٹیموں نے ’’مائی ہوم گروپ‘‘ کے حیدرآباد اور بنگلورو کے دفاتر پر دھاوے کرکے تلاشی لی۔ باوثوق ذرائع نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ میں مائی ہوم گروپ سرفہرست ہے اور اس کے چیرمین رامیشور راؤ کے کئی سیاست دانوں سے قریبی روابط ہونے کی اطلاع عام ہے۔ آئی ٹی عہدیداروں نے آج صبح ہی سے حیدرآباد کے نندی گری ہلز واقع جوبلی ہلز اور اس گروپ کے سنٹرل آفس مادھاپور ہائی ٹیک سٹی میں تلاشی لی۔ ذرائع نے کہا کہ حالیہ دنوں مائی ہوم گروپ نے بنگلورو کی کمپنی سے شراکت داری کا معاہدہ کیا جس کے بعد آئی ٹی حکام نے یہ کارروائی کی ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سیاسی حلقوں میں اثر و رسوخ رکھنے والے رامیشور راؤ پر اچانک کارروائی کے نتیجہ میں سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی۔ گزشتہ ماہ اس گروپ کے چیرمین نے تلگو کے مشہور نیوز چیانل TV9 کو حاصل کیا تھا اور ان کی کمپنی ’’الندا میڈیا‘‘ کے نام پر اس چیانل کیلئے نیا انتظامیہ کا تقرر کیا تھا۔ سیاسی حلقوں میں یہ بات عام ہوچکی ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاستی حکومت کو نشانہ بنانا شروع کردیا گیا ہے جبکہ بعض سینئر ٹی آر ایس قائدین نے کہا ہے کہ پارٹی کی ساکھ متاثر کرنے کیلئے بی جے پی کی جانب سے وقفہ وقفہ سے کوششیں کی جارہی ہیں۔ مائی ہوم گروپ پر دھاوؤں کا سلسلہ جمعہ کے دن بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔